گلگت میں افسوسناک حادثہ: باراتیوں کی گاڑی دریا میں جا گری، دلہا سمیت 6 افراد جاں بحق

02:20 PM, 15 Jun, 2025

گلگت :  گلگت بلتستان کے علاقے چھلت نگر میں ایک دلخراش حادثے میں باراتیوں کی گاڑی دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب باراتی دلہن کو لینے جا رہے تھے۔ گاڑی ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہرے دریا میں جا گری۔ حادثے کا شکار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جن میں دلہا بھی شامل تھا۔

حکام نے مزید بتایا کہ اب تک تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دریا کے تیز بہاؤ اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حادثے نے علاقے میں فضائے سوگ طاری کر دی ہے، اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو کر ریسکیو اہلکاروں کی مدد کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں