لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صنعتی و مائنز ورکرز کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کا دروازہ کھولتے ہوئے کامسیٹ یونیورسٹی کے سات کیمپسز میں مفت تعلیم کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت ان بچوں کی تمام تعلیمی فیس ادا کرے گی۔
پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ورکرز سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صنعتی و مائنز ورکرز کے بچے کامسیٹ یونیورسٹی کے اسلام آباد، ایبٹ آباد، واہ کینٹ، لاہور، اٹک، ساہیوال اور وہاڑی کیمپسز میں مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اس سہولت سے معذور اور فوت شدہ ورکرز کے بچے بھی مستفید ہوں گے۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخیں درج ذیل ہیں اسلام آباد کیمپس 9 جولائی ، لاہور کیمپس 17 جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد 4 اگست ، وہاڑی اور اٹک 11 اگست اور ساہیوال 15 اگست تک درخواست جمع کرواسکتے ہیں ۔
درخواست فارم کے ساتھ درج ذیل دستاویزات منسلک کرنا لازم ہوں گی جن میں ورکر کا قومی شناختی کارڈ ،رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ ، طالبعلم کا CNIC یا ب فارم ، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی شامل ہوں گی۔
ورکرز کے بچے کامسیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے کر مطلوبہ دستاویزات ایڈمیشن فارم کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس اقدام پر بات کرتے ہوئے کہا "ورکر ہمارے سر کا تاج ہے۔ ہم تعلیم، صحت اور تمام سہولیات مہیا کریں گے۔ پنجاب کے ہر مزدور کے بچے کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔ اب کوئی بچہ، چاہے وہ مزدور کا ہو، تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ ہم مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے تاریخی اقدامات کر رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔"