لاہور : وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کل سہ پہر مالی سال 2025-26 کا تخمینہ شدہ بجٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اس سے قبل بجٹ کی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جہاں حکومتی اراکین سے تجاویز اور منظوری لی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کی عکاسی کرے گا اور اس میں کسی قسم کا نیا ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔ موجودہ ٹیکسز کی وصولیوں کو بہتر اور موثر انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وسائل میں اضافہ کرنے کے لیے صوبائی اثاثوں کا بہتر استعمال پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔ بجٹ میں تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے کامیاب منصوبوں کو جاری رکھا جائے گا، جبکہ خواتین، بچوں، معذور افراد اور محنت کشوں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور کسان کارڈ کی افادیت کو بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ کی بنیاد معاشی ترقی، شفافیت اور سماجی تحفظ کے اصول ہوں گے۔
اس کے علاوہ، ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے گی اور خاص طور پر پنجاب کے پسماندہ اضلاع، خصوصاً جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے یقین دلایا کہ یہ بجٹ عوام دوست اور مساوی ترقی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔