سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے: بلاول بھٹو

07:09 PM, 15 Jun, 2025

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی اور پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ اقدام جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔

جرمنی کے ایک بین الاقوامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا ہوگا، کیونکہ یہ اقدام انسانی حقوق اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا، "اگر ایک ملک دوسرے ملک کو پانی سے محروم کرنے کی دھمکی دیتا ہے تو یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پانی ہماری بقا کا مسئلہ ہے۔ اگر ہم اپنے شہریوں کو پینے کا پانی نہ دے سکیں تو ریاست کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ ان کا حق دلوائیں، چاہے اس کے لیے جنگ ہی کیوں نہ لڑنی پڑے۔"

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کیا تو پاکستان کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا کہ وہ جنگ کے لیے تیار ہو جائے۔

انہوں نے بھارت پر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ اس کی سب سے بڑی مثال کلبھوشن یادو کی گرفتاری ہے، جو بھارت کے پاکستان مخالف عزائم کا کھلا ثبوت ہے۔

مزیدخبریں