بڑھتا سرمایہ کار اعتماد، پاکستان سٹاک ایکسچینج ریکارڈ بلندیوں کی جانب گامزن

09:42 AM, 15 Jun, 2026

کراچی:وفاقی وزیر خزانہ  محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل مضبوط ہو رہا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کار ملکی معیشت کے مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہی ہے اور مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملک کی ترقی اور پائیدار معاشی استحکام کی سمت واضح کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے اصلاحاتی عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

مزیدخبریں