تہران:ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور اس پر جمعہ کو جنیوا میں دستخط کیے جائیں گے۔
نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا اور اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے رہ کر ملک کا دفاع کیا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق معاہدے میں لبنان کی صورتحال بھی شامل ہے اور لبنان کی خودمختاری و سکیورٹی کے بغیر کسی بھی پیش رفت کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جارحیت کا خاتمہ مذاکراتی عمل کا حصہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران نے ماضی میں ہونے والی امریکی اور صہیونی کارروائیوں کا مؤثر جواب دیا اور اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ ان کے مطابق عالمی ادارے خطے میں ہونے والی جارحیت کی مؤثر مذمت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منجمد اثاثوں کی بحالی مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، تاہم معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں اس کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔