صدر مملکت عارف علوی نے کورونا کی ویکسین لگوا لی

صدر مملکت عارف علوی نے کورونا کی ویکسین لگوا لی
کیپشن: صدر مملکت عارف علوی نے کورونا کی ویکسین لگوا لی
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں کورونا کی ویکسین لگوا لی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی کے ہمراہ کورونا کی ویکسین لگوانے ویکسینیشن مرکز ترلائی پہنچے جہاں دونوں کو کورونا کی ویکسین لگوائی گئی۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی لیکن پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے اور میں نے 1166 پر رجسٹر کیا اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے اور ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت ملک بھر میں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہو گیا تھا۔ 

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب محمد عثمان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر 104 ویکسینیشن سینٹرز فعال ہیں جبکہ ایکسپو سینٹر میں کل 20 ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کیے گئے۔ 

محمد عثمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد بزرگ شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 60 سال سے زائد عمرکے افراد 1166 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرکے رجسٹریشن کروائیں یا کسی بھی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے 1033 پر رابطہ کریں۔

خیبر پختونخوا میں بھی 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ صحت کے پی کے مطابق اسپتالوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے، 4 ہزار سے زیادہ بزرگ شہریوں نے کورونا ویکسینیشن کیلیے رجسٹریشن کروائی، پہلی ترجیح میں 80 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

پنجاب اور کے پی کی طرح سندھ میں بھی بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے رجسٹریشن کروانے والے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے ایس ایم ایس بھیجا جا رہا ہے، بزرگ شہری ایس ایم ایس پر دیے گئے متعلقہ سینٹر پر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل 10 مارچ بروز بدھ سے شروع ہو گا۔

اسد عمر نے بتایا کہ لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل عمر کے اعتبار سے ہو گا یعنی زیادہ عمر کے افراد جنہوں نے رجسٹریشن کروائی ہو گی انہیں پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔