اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا تاہم لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 8 پیسے فی لیٹربرقرار رہے گی۔
حکومت نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 19 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 81 روپے 42 پیسے فی لیٹر ہو گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 83 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہو گی۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کی تھی جس میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 6 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری کی منظوری وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی ہونا تھی تاہم اس مرتبہ بھی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت نے اس سے قبل یکم مارچ کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی تھیں اور گزشتہ 15 روز والی قیمتوں کو ہی برقرار رکھا گیا تھا۔
حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
09:08 PM, 15 Mar, 2021