کراچی: پاک بحریہ کے لیے دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس شوشک چین میں تیار کر لی گئی، جس کی لانچنگ تقریب ووہان میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، تقریب میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب میں خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت اور پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندے بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ کیا تھا، جن میں سے 4 چین میں جبکہ باقی 4 پاکستان میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔