اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی ہے، صدر ، وزیراعظم

10:23 AM, 15 Mar, 2026

اسلام آباد : اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ نفرت انگیز جرائم کے خلاف قوانین مضبوط کیے جائیں اور اظہارِ رائے کی آزادی کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے نہ ہو۔ صدر نے مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کرائسٹ چرچ سانحہ کو انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ قرار دیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق دیے جا رہے ہیں اور نیشنل کمیشن فار منارٹیز رائٹس ایکٹ 2025 نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت آزاد نیشنل کمیشن بھی قائم کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کے خاتمے کے لیے عالمی آواز ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ معاشرتی عدم برداشت، بنیادی مذہبی آزادی اور باہمی رواداری کو کمزور کرتی ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے، اور اسلاموفوبیا کے تمام مظاہر کی پاکستان طرف سے مذمت کی جاتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دین اسلام تمام انسانوں کے لیے امن اور آشتی کا پیغام دیتا ہے، اور اسے انتہا پسندی سے منسوب کرنا صریحاً لاعلمی ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں