تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملک پر مسلط کردہ جنگی صورتحال اور بیرونی دباؤ کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت دشمن کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گا اور نقصانات کا ازالہ پہلے سے بہتر تعمیرِ نو کے ذریعے کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پر مسلط کی گئی اس حالیہ جنگ کا بنیادی مقصد ملک کو اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنا اور قوم کے حوصلے توڑنا ہے۔ تاہم، انہوں نے پرامید لہجے میں کہاجو تباہی ہوئی ہے، ہم اسے پہلے سے بہتر بنا کر دوبارہ تعمیر کریں گے۔ ایران کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گا۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں ملکی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات کے باوجود ایران میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود عوامی خدمات (Public Services) کی فراہمی میں کوئی بڑا تعطل پیدا نہیں ہونے دیا گیا اور حکومت عوام کی سہولیات کے لیے پوری طرح فعال ہے۔
تباہی کو پہلے سے بہتر تعمیر کریں گے، کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، ایرانی صدر کا عزم
05:29 PM, 15 Mar, 2026