لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کھلاڑی سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، جہاں ان کے شاندار کیریئر کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انہوں نے سرفراز احمد کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ کے میدان میں ان کی محنت اور لگن کو سراہا۔
محسن نقوی نے سرفراز احمد کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاآپ نے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے اور ملک کو عالمی سطح پر کامیابیوں سے سرفراز کیا۔ پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کی خدمات کی مقروض رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کا تجربہ پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہے اور پی سی بی مستقبل میں بھی ان کی صلاحیتوں سے استفادہ جاری رکھے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کی جا سکے۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، جبکہ ان کی کپتانی میں ہی پاکستان ٹی 20 فارمیٹ میں طویل عرصے تک عالمی نمبر ون پوزیشن پر برقرار رہا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ کے ایک متحرک اور کامیاب ترین دور کا اختتام ہو گیا ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ، چیئرمین پی سی بی سے الوداعی ملاقات
05:40 PM, 15 Mar, 2026