راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ سکول میں طلبا و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں ملک کی داخلی صورتحال، قومی دفاع اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
نشست کے دوران طلبا اور اساتذہ نے پاک فوج کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ پاک افواج نہ صرف ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی کی محافظ ہیں بلکہ عوام کے تحفظ اور استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ یہ نشست نوجوانوں کے لیے روایت سے ہٹ کر غوروفکر، تجزیاتی سوچ اور ذمہ دار شہری ہونے کے حقیقی مفہوم کو سمجھنے کا اہم سبب بنی۔ طلبا نے اعتراف کیا کہ اس گفتگو نے انہیں قومی شناخت، فعال شہریت اور سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے نئی آگہی فراہم کی۔
طلبا کا مزید کہنا تھا کہ پاک افواج کے کردار نے ان میں پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کے حوالے سے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ میڈیا پر گردش کرتی خبروں کو بغیر تحقیق پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، اور اس نشست نے انہیں درست معلومات کی اہمیت کا احساس دلایا۔