اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ معاشی اعداد و شمار حکومتی معاشی اصلاحات کی کامیابی کو ثابت کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کی اقتصادی ترقی میں ہر دن بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترقی کے شواہد کاروباری طبقے اور عوام کے سامنے ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق، اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال کی ٹیرف اصلاحات کا ریونیو وصولی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا، بلکہ درآمدی ڈیوٹی اور ٹیکس میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری مصنوعات کی مقدار میں صرف 3.6 فیصد اضافہ ہونے کے باوجود، یہ خدشہ غلط ثابت ہوگیا کہ ٹیرف میں کمی سے ریونیو وصولی میں کمی آئے گی۔
مزید یہ بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری امپورٹس میں 41.5 فیصد اضافہ ہوا، جس کا مطلب یہ ہے کہ خام مال اور درمیانے درجے کی مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے، جو ملک میں پیداوار میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ٹیرف میں کمی اور ٹیکس نظام کی بہتری سمیت دیگر معاشی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق، ڈیوٹی فری امپورٹس کی آمد میں اضافے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کی ٹیرف معقول بنانے کی پالیسی کامیاب رہی ہے، جس کے نتیجے میں خام مال اور ثانوی درجے کی مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ٹیرف اصلاحات کا مقصد یہ تھا کہ مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے خام مال کی قیمت کم ہو، تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو اور عالمی منڈی میں مقابلہ بازی ممکن ہو۔
حالیہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی یہ پالیسی کامیاب رہی ہے، اور ایف بی آر کی اصلاحات نے اسے ایک جدید، شفاف اور مؤثر ادارہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی، خاص طور پر تمباکو، ٹائلز اور دیگر بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے انتظامی اور اداراجاتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
بیان کے مطابق، وزیراعظم نے ایف بی آر اور مالیاتی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اصلاحات پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ پاکستان معاشی مشکلات سے باہر نکل سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کر سکے۔