نیویارک: پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے لیبیا (UNSMIL) پر بریفنگ دیتے ہوئے لیبیا کی خودمختاری، قومی وحدت اور شفاف سیاسی عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کے نگران مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ، سفیر عثمان اقبال جدون نے کہا کہ پاکستان لیبیا کے قیادت اور ملکیت پر مبنی روڈ میپ کو استحکام کی ضمانت سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کی حمایت کرتا ہے۔
سفیر عثمان اقبال جدون نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہنّا ٹیٹے کی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے لیبیا میں امن، قومی مفاہمت اور سیاسی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے تعمیری تعاون کو بھی خوش آئند قرار دیا، جو روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم ثابت ہوا ہے۔
عثمان جدون نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سٹریٹجک جائزے اور اس میں دی گئی تجاویز کو UNSMIL کو زیادہ لچکدار اور نتائج پر مبنی بنانے کے لئے رہنما اصول قرار دیا گیا ہے۔ سفیر نے زور دیا کہ لیبیا میں سیاسی عمل کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مشن کے مینڈیٹ کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے پانچ اہم ترجیحات پیش کیں جن میں خاص طور پر سیاسی روڈ میپ کی حمایت، عبوری مرحلے کی تکمیل، ادارہ جاتی استحکام، شمولیتی انتخابات کا انعقاد اور واضح ٹائم لائنز کے تعین پر زور دیا تاکہ لیبیا کے سیاسی مستقبل میں عوام کی ملکیت اور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
سفیر نے ہائی نیشنل الیکشن کمیشن کی جانب سے 34 بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا اور امن و امان کی بحالی کے بعد ان انتخابات کے جلد انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ طرابلس میں جنگ بندی کے تسلسل کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے، انہوں نے مزید اعتماد سازی کے اقدامات اور سلامتی کمیٹیوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے، عثمان جدون نے قومی بجٹ کو یکجا کرنے اور منجمد اثاثوں کی شفاف نگرانی کی تعریف کی تاکہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2769 کے مطابق مالی نظم و ضبط کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بین الاقوامی مالی اداروں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے عملدرآمد میں معاون رہنمائی نوٹس (Implementation Assistance Notice) جاری کیا جائے۔
سفیر عثمان اقبال جدون نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے ساتھ مسلسل تعاون کرتا رہے گا اور مستحکم، خودمختار اور متحد لیبیا کے لیے اپنے عزم کو مزید مستحکم رکھے گا۔ پاکستان ہمیشہ لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کی حمایت کرتا رہے گا۔