کولمبو: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے تحت پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آج انگلینڈ کے خلاف اہم میچ کھیلے گی۔ کولمبو میں پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشن کیا، جس میں بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں شامل تھیں، تاہم بدقسمتی سے بارش کے باعث فیلڈنگ سیشن منسوخ کر دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم اس وقت بہترین فارم میں دکھائی دے رہی ہے اور آج کے میچ میں انگلینڈ کو چیلنج دینے کے لیے تیار ہے۔ کولمبو میں ہونے والے اس میچ سے قبل سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہو چکا تھا۔ دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا، جبکہ سری لنکا نے 50 اوورز میں 258 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بارش کی وجہ سے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کوچنگ اسٹاف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بارش کے باوجود ٹیم کی مکمل تیاری کی جا رہی ہے۔ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی بیٹنگ اور بولنگ پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ انگلینڈ کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا جا سکے۔
دوسری جانب، گزشتہ روز جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹ سے شکست دے کر اپنے پوائنٹس کا اضافہ کیا۔