جمہوریت کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے  

World Democracy Day is being celebrated today
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: جمہوریت کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے جس کا مقصد جمہوری نظام کے بارے میں عوامی آگہی کو فروغ دینا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اٹھارہ ماہ سے درپیش صورتحال کے دوران ہمیں اپنے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے کہ آئندہ کسی بھی بحران کی صورت میں جمہوری رویوں کو کیسے مستحکم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہنگامی صورتحال میں صحت کی سہولیات اور مالیاتی وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نظم ونسق میں بہتری لانے کے طریقوں کی نشاندہی کرنی چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کو اقتدار میں شراکت دار بناتی ہے لیکن بھارت جمہوری اقدار کا سب سے بڑا دشمن ہے۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا پیپلز پارٹی پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی خالق ہے۔ آج کی حکمران جماعت کو جمہوریت اور حکمرانی پلیٹ میں رکھی ملی ہے۔

سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر بخاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹو شہید نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا لیکن اس وقت ملک پر جمہوریت کے لبادے میں آمریت مسلط ہے۔ میڈیا پر پابندی سے متعلق قانون کی ہر سطح پر مخالفت کریں گے۔