کراچی میں ایک گھنٹے میں 3 مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق

10:39 AM, 15 Sep, 2025

کراچی : کراچی میں ٹریفک حادثات روز کا معمول بنتے جا رہے ہیں۔ صرف ایک گھنٹے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں تین افسوسناک حادثات پیش آئے جن میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

لانڈھی میں ہسپتال چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے میں ماں رئیسہ اور بیٹا ارمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرا بیٹا حسنین زخمی ہوا۔

ناردرن بائی پاس پر ایک اور حادثے میں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں شہباز نامی نوجوان جاں بحق اور داؤد زخمی ہو گیا۔تیسرا حادثہ ڈیفنس فیز 8 میں کریک ویسٹا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار یار جان کو کچل دیا، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس نے تینوں حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

 ریسکیو اداروں کے مطابق کراچی میں رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں 627 افراد مختلف ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 9,261 افراد زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد میں 483 مرد، 64 خواتین، 69 بچے اور 29 بچیاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں