پنجاب میں دریاؤں کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے، سیلاب کی صورتحال میں بہتری کا امکان: پی ڈی ایم اے

12:55 PM, 15 Sep, 2025

لاہور : پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اب معمول کی سطح کی جانب آ رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے پنجند کے مقام پر ابھی بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً تین لاکھ سات ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ آٹھ ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ دریائے ستلج کے ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے اور پانی کا بہاؤ 89 ہزار کیوسک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے چناب، دریائے راوی اور پنجاب کے بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کی سطح پر ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گذشتہ روز پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 104 ہو چکی ہے، جبکہ 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 4700 سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی کا سبب بنے ہیں۔

ادارے نے مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کا الرٹ بھی جاری کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

مزیدخبریں