ایپل نے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 27 جاری کردیا

07:51 PM, 15 Sep, 2026

ایپل نے دنیا بھر میں صارفین کے لیے آئی او ایس 27 کی نئی اپ ڈیٹ جاری کردی، جس میں متعدد نئے فیچرز، بہتر کارکردگی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق اہم سہولیات شامل کی گئی ہیں۔

کیلیفورنیا:  آئی او ایس 27 میں ایپل نے لیکوئیڈ گلاس ڈیزائن کو مزید بہتر بنایا ہے، جبکہ ایپس کے لوڈ ہونے کی رفتار میں 30 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسپاٹ لائٹ، فوٹوز اور میل میں سرچ کے طریقہ کار کو بھی نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ صارفین مطلوبہ معلومات زیادہ آسانی سے تلاش کرسکیں۔

نئی اپ ڈیٹ کی نمایاں خصوصیات میں ایپل کی نئی سِری اے آئی بھی شامل ہے، تاہم یہ سہولت فی الحال بیٹا مرحلے میں ہے اور ابتدائی طور پر صرف انگریزی زبان میں دستیاب ہوگی۔ یورپی یونین کے صارفین کو سِری اے آئی کی سہولت اپ ڈیٹ کے آغاز پر فراہم نہیں کی جائے گی۔

ایپل کے مطابق فرانسیسی، جاپانی، کوریائی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں کی سپورٹ اکتوبر میں شامل کردی جائے گی۔

آئی او ایس 27 کے ساتھ ایپل نے مطابقت رکھنے والے آلات کے لیے آئی پیڈ او ایس 27، میک او ایس 27، واچ او ایس 27 اور ویژن او ایس 27 بھی جاری کردیئے ہیں۔

عالمی سطح پر جاری کی گئی اس اپ ڈیٹ کو اہل آئی فون صارفین سیٹنگز، جنرل اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ میں جاکر ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں