عدلیہ مخالف تقاریر کیس، نواز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا

عدلیہ مخالف تقاریر کیس، نواز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے عدلیہ مخالف تقاریر کی سماعت کرنیوالے لاہور ہائیکورٹ کے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا۔

جسٹس مسعود جہانگیر ، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کا 3 رکنی بینچ نواز شریف اور مریم نواز سمیت 16 اراکین اسمبلی کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر کی درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس، نواز شریف اور مریم کو آج کیلئے حاضری سے استثنیٰ مل گیا

نواز شریف نے تحریری طور پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی بنچ میں شمولیت پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل اے کے ڈوگر کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کرکے اعتراضات داخل کیے اور بنچ کے سربراہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی سے بنچ سے علیحدگی کی استدعا کی۔

درخواست گزار وکیل اے ڈوگر نے کہا کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے نواز شریف کے وکیل کو سنے بغیر اپنے حکم نامے میں متنازعہ ریمارکس لکھے۔

فاضل جج کے ریمارکس سے میرے موکل نواز شریف کے دل میں خوف پیدا ہوا اور بنچ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی موجودگی سے نواز شریف کو انصاف کا حصول ممکن نظر نہیں آتا۔ نواز شریف نے استدعا کی کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی خود کو بنچ سے علیحدہ کریں۔

 یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ارباب وسیم حیات پی ٹی آئی میں شامل

واضح رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کی عدلیہ مخالفت تقاریر میڈیا میں نشر ہونے سے روکنے کے لیے درخواست کی سماعت کرنے کا بینچ 3 بار تحلیل ہونے کے بعد دوبارہ بنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں