متنازعہ رہنے والے ادارے آئینی کردار کی طرف بڑھ رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

متنازعہ رہنے والے ادارے آئینی کردار کی طرف بڑھ رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ متنازعہ رہنے والے ادارے اپنے آئینی کردار کی طرف بڑھ رہے ہیں، گزشتہ ماہ اور چند دنوں میں ایوان کے ساتھ مذاق کیا گیا ، اقتدارکی منتقل کا عمل مکمل کریں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ اور چند دنوں میں ایوان کے ساتھ مذاق کیا گیا اور پارلیمنٹ کی توہین ہوتی رہی جبکہ آئین کے ساتھ جس طرح کھیلا گیا اس سے جگ ہنسائی ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم کو گرا دیا گیا اور اب ہم متحدہ حکومت ہیں جس سے عوام کو امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔ متنازعہ رہنے والے ادارے بھی اب آئینی کردار کی طرف بڑھ رہے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے میں پوری دنیا میں پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا، ہم اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل کریں گے۔ 
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اب کوئی طاقت پاکستان کی ترقی کو روک نہیں سکتی، اگر ہم آئین کا دفاع نہیں کریں گے تو خود کو پاکستانی نہیں کہلا سکتے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے شہادت قبول کی لیکن آئین اور جمہوریت پر آنچ نہیں آنے دی، وزیراعظم صاحب! سارے ادارے اور عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے بیگم بلقیس ایدھی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب بی بی شہید کو بھی یاد کرتے ہیں اور بیگم بلقیس ایدھی صاحبہ کو بھی یاد کرتے ہیں، ایوان بلقیس ایدھی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے بلقیس ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔ 

مصنف کے بارے میں