کراچی :عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ اپنی بلند ترین سطح پر جا پہنچے ہیں، جس سے متوسط اور نچلے طبقے کے لیے سونا خریدنا ایک خواب بن چکا ہے۔
عالمی منڈی میں فی اونس سونا 86 ڈالر اضافے کے ساتھ 3,310 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جس کے اثرات فوری طور پر ملکی صرافہ بازاروں پر مرتب ہوئے۔ فی تولہ سونا: 8,600 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 48 ہزار روپے، دس گرام سونا 7,373 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 98 ہزار 353 روپے ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی بے یقینی، مالیاتی منڈیوں میں ہلچل، اور افراط زر اس قیمت میں اضافے کے بنیادی عوامل ہیں۔
سونے کی اس بڑھتی ہوئی قیمت نے نہ صرف زیورات کی خریداری کو متاثر کیا ہے بلکہ شادیوں کی تیاریوں میں مصروف گھرانوں کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ صرافہ بازاروں میں خریداروں کی رونق ماند پڑ چکی ہے۔