پاک بحریہ کی بڑی کامیابی: مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین میزائل کا کامیاب تجربہ

11:15 AM, 16 Apr, 2026

کراچی : پاک بحریہ نے دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، پاکستان نیوی نے مقامی سطح پر تیار کردہ بحری جہاز سے فائر کیے جانے والے جدید ترین میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم (Guidance System) اور جدید خصوصیات سے لیس ہے، جو اسے کسی بھی موسمی حالات میں موثر بناتا ہے۔ میزائل نے سمندر میں طویل فاصلے پر موجود اپنے ہدف کو تیز رفتاری کے ساتھ انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔ یہ کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی برتری، عملی مہارت اور دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ میزائل فائرنگ کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے میزائل کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مقامی ڈیزائن اور تیاری میں شامل ٹیم کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
میزائل کے کامیاب تجربے پر ملک کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔    صدر مملکت اور وزیراعظم  نے اس کامیابی کو ملکی دفاع کے لیے ناگزیر قرار دیا۔     فیلڈ مارشل اور دیگر سروسز چیفس نے بھی پاک بحریہ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں طاقت کے توازن اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے اہم قرار دیا۔

مزیدخبریں