تہران: پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ ایران کے دوران تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر (ISPR) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس اہم سفارتی مشن میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں، جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستانی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
گزشتہ روز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور ثالثی کے کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کا عزم مضبوط اور مشترک ہے۔ یہ دورہ پاک ،ایران کے گہرے اور عظیم دوطرفہ تعلقات کا واضح مظہر ہے۔
سفارتی مبصرین کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورۂ تہران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تناؤ کو کم کرنے اور تہران و واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان کا یہ فعال کردار عالمی سطح پر علاقائی امن کے ضامن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تہران: ، پاک،امریکا ثالثی مشن پر پیش رفت ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی سپیکر باقر قالیباف سے اہم ملاقات
04:10 PM, 16 Apr, 2026