لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کے اہم بیٹر بابر اعظم کی انجری کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کردیا۔
پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کو پریکٹس میچ کے دوران دائیں ہاتھ پر گیند لگی، جس کے بعد انہوں نے مزید کھیل میں حصہ نہیں لیا۔ یہ واقعہ میچ کے 39ویں اوور میں پیش آیا، جب فاسٹ بولر مینی لَمزن کی گیند بابر کے ہاتھ پر لگی۔
گیند لگنے کے فوراً بعد بابر اعظم کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ٹیم ڈاکٹر نے معائنے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں پریکٹس میچ کے باقی ماندہ حصے میں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری بظاہر ایسی نہیں کہ وہ ٹیم کی اگلی سرگرمی سے باہر ہوں، اور وہ 17 اگست کو ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب پریکٹس میچ میں پاکستان کی ٹیم 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ پی سی سی سلیکٹ الیون نے اپنی پہلی اننگز میں 305 رنز سکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 61 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم کی نظریں سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے پر ہوں گی۔