نئے انتظامی یونٹس ملکی ضرورت ہیں، سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر فیصلہ کرنا ہوگا: خالد مقبول

12:49 PM, 16 Aug, 2026

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی سطح پر سیاسی مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر نئے انتظامی یونٹس بنانے ہوں گے، نئے صوبوں کی بات ہوگی تو وہ آواز بلند کریں گے اور اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانا کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ ملک کی ضرورت کا معاملہ ہے، اس کے لیے قومی سطح پر سنجیدہ مکالمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے آئین میں نئے صوبوں کے قیام کی گنجائش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر نئے صوبے بنانا غداری ہے تو پھر آئین میں صوبوں کے قیام کا ذکر کیوں موجود ہے؟

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کو چلانے کا واحد حل نئے انتظامی یونٹس ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ نظام عوام میں محرومی اور بددلی پیدا کر رہا ہے، جبکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب فاروق ستار نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنائے بغیر ملک میں ترقی، استحکام اور بہتر حکمرانی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا احساسِ محرومی ختم کرنے کے لیے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں

مزیدخبریں