خاران آپریشن: صدر، وزیر داخلہ اور سپیکر قومی اسمبلی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

12:54 PM, 16 Aug, 2026

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف برسرِ پیکار سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی نمایاں کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم یکسو اور متحد ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی خاران میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کو سراہا۔

مزیدخبریں