مسجد نبوی کے کتب خانے سے سالانہ 7 لاکھ افراد مستفید ہوتے ہیں

مسجد نبوی کے کتب خانے سے سالانہ 7 لاکھ افراد مستفید ہوتے ہیں
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

مدینہ منورہ: مسجد نبوی الشریف کے کتب خانے میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد کتب ہیں جبکہ سالانہ 7لاکھ افراد مستفید ہوتے ہیں۔ کتب خانہ کے قیام کو 88 برس ہو چکے ہیں۔

سعودی عرب میں جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجدنبوی الشریف کا کتاب خانہ1352 ہجر ی میں اس وقت کے محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر عبید مدنی کی تجویز پر قائم کیا گیا تھا۔ کتب خانہ مختلف ترقیاتی مراحل سے گزرتا رہا جس میں قدیم مخطوطات اور نادر و نایاب کتب کا انمول ذخیرہ موجود ہے۔

مکتبہ کے ڈائریکٹر مسعد الرفیعی نے بتایا کہ کتب خانے میں انتہائی نادر کتب کا ذخیرہ موجود ہے جنہیں مختلف ادوار میں حکمران پڑھا کرتے تھے۔ کتب خانے میں 580 ہجری کے قرآن کریم اور کتب کے نادر نسخے بھی رکھے گئے ہیں۔

کتب خانے میں بیک وقت 300افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ کتب خانہ 24 گھنٹے اور 12 ماہ کھلا رہتا ہے۔ کتب خانے میں 13اقسام کے قرآن کریم ہیں جبکہ بریل سسٹم کی 39 کتب کے علاوہ 71 مخصوص کمپیوٹر جوکہ انٹرنل نیٹ ورک سے مربوط ہیں جن کے ذریعے مسجد نبوی الشریف میں ہونے والے دروس کودیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔