دہشتگردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت:وزیراعظم شہباز شریف

09:41 AM, 16 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کا حقیقی انصاف ہوگا۔

سانحہ اے پی ایس کی گیارہویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم ان معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش تھا، مگر اس نے حوصلے کو کمزور نہ کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج بھی ملک دہشتگردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے، اور مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اہلکار اور شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ سانحہ اے پی ایس یاد دہانی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔

شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر و استقامت دے۔

مزیدخبریں