بلوچستان میں بھارتی سازش بے نقاب، سوشل میڈیا پر RAW سے منسلک جعلی اکاؤنٹ سامنے آگیا

11:25 AM, 16 Dec, 2025

کوئٹہ:بلوچستان میں مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را (RAW) کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ، جو خود کو ’’پیج 3 نیوز تھائی‘‘ کے نام سے ظاہر کرتا ہے، دراصل بھارت سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ اکاؤنٹ جعلی شناخت ’’میر یار بلوچ‘‘ کے ذریعے متعدد بیانات اور پیغامات شائع کرتا رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر بلوچستان سے متعلق من گھڑت دعوے، تاریخی حقائق میں تحریف اور بھارتی بیانیے کی تشہیر کی جاتی رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے بلوچ شناخت کو مبینہ طور پر دہشت گردی، انتشار اور نفرت کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں اسی اکاؤنٹ سے بین الاقوامی سامعین کے لیے ایک طویل پیغام بھی جاری کیا گیا، جسے ماہرین نے بھارتی ایجنڈے پر مبنی قرار دیا ہے۔

تکنیکی شواہد سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اکاؤنٹ بھارت سے تھائی لینڈ کے وی پی این کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، تاکہ اصل مقام چھپایا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اس قسم کی آن لائن سرگرمیاں بلوچستان میں بدامنی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم میں بھارتی کردار کو مزید واضح کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں غیر مقامی افراد کے قتل کے متعدد واقعات میں کچھ لسانی تنظیمیں ملوث رہی ہیں، اور ان واقعات میں سوشل میڈیا کے استعمال کا بھی کردار سامنے آیا ہے۔

مزیدخبریں