"ہیررانجھا" کی "ہیر" کو بچھڑے پانچ برس  بیت گئے

08:29 PM, 16 Dec, 2025

لاہور:پاکستانی فلمی دنیا کی نامور اداکارہ فردوس بیگم کی آج پانچویں برسی  ہے۔ فردوس بیگم 1947ء میں پیدا ہوئیں اور ان کا اصل نام پروین تھا۔ انہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں اور جاندار اداکاری کے باعث فلم انڈسٹری میں منفرد پہچان بنائی۔پاکستانی فلم انڈسٹری کی اس نامور اداکارہ نے اپنے عروج کے دور میں اپنے زمانے کے تقریباً تمام بڑے اور مقبول اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ ان میں اکمل، اعجاز درانی، حبیب، سدھیر اور یوسف خان جیسے معروف نام شامل ہیں۔ ان فنکاروں کے ساتھ ادا کیے گئے کرداروں نے نہ صرف فردوس بیگم کے فنی مقام کو مزید مستحکم کیا بلکہ پاکستانی سنیما کی کئی یادگار فلموں کو بھی جنم دیا۔

فردوس بیگم کو فلم ہیر رانجھا میں ہیر کے کردار سے لازوال شہرت حاصل ہوئی، جسے پاکستانی سنیما کی یادگار فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور وہ شائقین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئیں۔

اپنے شاندار فلمی کیریئر کے دوران انہوں نے فانوس، خاندان، ملنگی، لائی لگ اور عورت سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔ فردوس بیگم نے پنجابی، اردو اور پشتو زبانوں کی ڈیڑھ سو سے زائد فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

19 جون 1970ء کو ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ہیر رانجھا نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور فلم بینوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کی۔ اسی فلم میں ہیر کا مرکزی کردار ادا کر کے نامور اداکارہ فردوس بیگم نے بے پناہ شہرت حاصل کی اور پاکستانی سنیما میں اپنی مضبوط شناخت قائم کی۔

فردوس بیگم کی جاندار اداکاری اور کردار کی بھرپور عکاسی نے شائقین کے دل جیت لیے، جس کے باعث وہ راتوں رات صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔ فلم کی کامیابی کے بعد فردوس بیگم اور ان کے ساتھی اداکار اعجاز درانی کے درمیان قربتوں کے چرچے بھی زبان زدِ عام ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی فردوس بیگم اور اعجاز درانی کے معاشقے کی خبریں سامنے آئیں، جبکہ دونوں کی شادی سے متعلق افواہیں بھی کافی عرصے تک گردش میں رہیں۔ تاہم یہ افواہیں کبھی باضابطہ طور پر تصدیق نہ ہو سکیں۔

فلم ہیر رانجھا آج بھی پاکستانی فلمی تاریخ کی مقبول اور یادگار فلموں میں شمار کی جاتی ہے، جبکہ فردوس بیگم کا کردار ہیر ان کے کریئر کا سنگِ میل ثابت ہوا۔فردوس بیگم 2020ء میں آج ہی کے دن لاہور میں انتقال کر گئیں، تاہم ان کی فنی خدمات اور یادگار کردار آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں