تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ، پاکستان بدستور سرفہرست

 تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ، پاکستان بدستور سرفہرست

دبئی: پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہے، آسٹریلیا نے دو درجے ترقی پا کر نیوزی لینڈ سے دوسری پوزیشن چھین لی، کیویز تنزلی کے بعد دوسرے سے چوتھے نمبر پر چلا گیا۔

جمعہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، آسٹریلوی ٹیم نے ساتویں پوزیشن کے ساتھ سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز شروع کی تھی اور مسلسل چار فتوحات کے بعد کینگروز ٹیم دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے، اس نے کیویز کو دوسری پوزیشن سے محروم کر دیا.

آسٹریلیا نے اب پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر نظریں جما لی ہیں، آخری میچ میں فتح کے بعد آسٹریلیا اور پاکستان کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے تاہم بہترین اوسط کی بناء پر آسٹریلوی ٹیم پہلا نمبر سنبھال لے گی، نیوزی لینڈ  تنزلی کے بعد دوسرے سے چوتھے نمبر پر چلا گیا، بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے، ویسٹ انڈیز پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے انگلینڈ ساتویں نمبر پر برقرار ہے، سری لنکا نے افغانستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ آٹھویں پوزیشن سنبھال لی۔