عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

10:19 AM, 16 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔امریکی خام تیل کی قیمتوں میں اب تک چار فیصد   تک کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت  برینٹ خام تیل92 ڈالر86 سینٹس  میں فروخت ہو رہا ہے۔ روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد سے کچھ فوجی دستے  ہٹانے کی خبروں کے بعد گزشتہ روز تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے ٹریڈنگ کرنے لگیں۔ تاہم  پیر کو روس  کی جانب سے یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کی خبریں سامنے آنے کے بعد خام تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی تھیں۔

دوسری جانب پاکستان میں ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا ۔پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 3 پیسے کے  اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے فی لٹر ہوگئی ،مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 126 روپے 56 پیسے فی لیٹر  تک پہنچ گئی ۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 123 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہو گئی ۔

واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ،کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ یوکرین تنازع کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پٹرول کی قیمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ہم پاکستان میں کتنی دیر قیمتوں کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں، قیمتیں تو بڑھیں گی اس میں کوئی شبہ نہیں۔

خیال رہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے متعلق  چونکا دینےوالا انکشاف بھی سامنے آیا  کہ ملک میں پیٹرول اوگرا کی تجویز سے بھی زیادہ مہنگا ہوا۔ 

ذرائع نے انکشاف کیا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کو یقینی بنانے کیلئے  پیٹرولیم لیوی بھی بڑھا دی جس کے سبب  پیٹرول اوگرا کی تجویز سے بھی زیادہ مہنگاہو گیا ، اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے8 روپے فی لٹر  اضافے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں4روپے کا اضافہ کردیا-جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت میں 12 روپے 3 پیسے کا اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق  پیٹرول پر لیوی اتنی ہی برقرار رہتی تو قیمت میں  4 روپے فی لیٹر کم اضافہ ہوتا مگر پیٹرول پر لیوی بڑھاکر 17 روپے 92 پیسے فی لیٹر کی گئی -اس سےپہلے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 13 روپے 92 پیسے عائد تھی۔ پیٹرولیم لیوی کی نئی شرح کا اطلاق کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے جب تک پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 30 روپے فی لیٹر تک نہیں پہنچ جاتی اس وقت تک ہر ماہ لیوی میں 4 روپے اضافہ کرنا ہے جس کے باعث پیٹرول کی قیمت میں آئندہ دنوں  میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔

مزیدخبریں