پریگ: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا یورپ کا سرپرست بننے کی بجائے ایک شراکت دار کے طور پر کام کرنا چاہتا ہے۔
سلوواکیہ کے وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں روبیو نے کہا کہ امریکا کی خواہش ہے کہ اس کے اتحادی اپنے دفاع کے لیے خود مختار ہوں اور امریکا یورپ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا سلوواکیہ اور وسطی یورپ کو یہ اہمیت دے گا کہ وہ کس طرح یورپ اور دنیا کے ساتھ تعلقات استوار کرتا ہے۔
روبیو نے مزید کہا کہ امریکا صرف رسمی ملاقاتوں یا بات چیت تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ایسے ٹھوس اقدامات کرے گا جو عملی طور پر فائدہ مند ہوں۔
ایران کے حوالے سے روبیو کا کہنا تھا کہ ابھی تک ایران کے ساتھ کوئی کامیاب معاہدہ نہیں ہو سکا، تاہم امریکا کوشش کر رہا ہے کہ ایک کامیاب معاہدہ ہو۔ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو امریکا قانون کے مطابق اقدامات کرے گا۔