بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ مکمل ٹھیک، دوسری کی بینائی چشمہ لگا کر 70 فیصد ہے ، اعظم نذیر تارڑ

01:28 PM, 16 Feb, 2026

شیخوپورہ: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 ہے، جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی چشمہ لگا کر 70 فیصد ہے۔

شیخوپورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلا کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور انصاف کی فراہمی کے لیے بار اور بینچ کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج ملے ہیں اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام کے لیے اہم ہے، اور ریاست پاکستان کی چار اکائیاں ہیں جن میں گلگت بلتستان اور کشمیر بھی شامل ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو آئین اور قانون کی پاسداری کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی عمل ہے۔ اگر کے پی حکومت نے سڑکیں نہ کھولیں تو وفاقی حکومت کو آئین کے مطابق ایکشن لینا پڑے گا۔

عمران خان کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کے علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اپوزیشن رہنماؤں و ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل معائنہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ عمران خان کی بینائی 15 فیصد تک محدود ہو چکی تھی۔ سپریم کورٹ نے 16 فروری تک عمران خان کے طبی معائنے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں