مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کیخلاف درخواست پر بننے والا فل بینچ ٹوٹ گیا

مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کیخلاف درخواست پر بننے والا فل بینچ ٹوٹ گیا

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے خلاف دائر درخواست پر بننے والا فل بینچ ٹوٹ گیا۔ مقامی وکیل اے کے ڈوگر کی جانب سے کل مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت کے لیے جسٹس فرخ عرفان خان کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا جس نے آج ہی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔ تاہم بینچ کے سربراہ جسٹس فرخ عرفان خان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی جس کے بعد بینچ ٹوٹ گیا ہے۔

جسٹس فرخ عرفان خان کی معذرت کے بعد چیف جسٹس اب نیا بینچ تشکیل دیں گے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ درخواست پر سماعت آج ہو گی یا نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی سربراہی میں بننے والی متحدہ اپوزیشن نے 17 تاریخ سے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں