اسلام آباد:ایس آئی ایف سی کی جامع سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ماحولیاتی ترقی کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
توانائی کے شعبے میں جدید اور ماحول دوست اقدامات معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے مثبت ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان نے آف گرڈ سولر کیپیسٹی 12 گیگاواٹ تک پہنچا کر عالمی سولر مارکیٹس میں اہم مقام حاصل کیا ہے، جبکہ نیٹ میٹرڈ سولر کیپیسٹی میں 6 گیگاواٹ سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ مالی سال میں بجلی کی پیداوار کا 53 فیصد حصہ قابلِ تجدید توانائی سے حاصل ہونا تاریخی سنگِ میل ہے۔ وزیرِاعظم کی کلائمیٹ کوآرڈینیٹر رومیانہ خورشید عالم کے مطابق پاکستان کے 2030 تک بجلی میں 60 فیصد قابلِ تجدید توانائی کے ہدف کی جانب اقدامات جاری ہیں۔
توانائی اور سولر شعبے کی تیزرفتار ترقی پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کر رہی ہے، اور ایس آئی ایف سی کی مربوط کوششوں سے یہ شعبہ ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق ترقی کی جانب گامزن ہے۔