اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع کرکٹ اور فٹبال کے 10، 10 کھیلوں کے میدانوں کی نیلامی کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن سردار مہتاب کی جانب سے دائر درخواست پر دیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کھیل کے میدان شہریوں کی تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہیں، انہیں بھاری قیمت پر نیلام کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
عدالت نے مختصر سماعت کے بعد سی ڈی اے (کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ سی ڈی اے نے حالیہ دنوں میں ان کھیل کے میدانوں کو 50، 50 لاکھ روپے کے عوض نیلام کرنے کا اشتہار جاری کیا تھا، جس پر شہری حلقوں میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔