اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی کو پاکستان کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا "الحمدللہ! پی آئی اے کی برطانیہ کے آسمانوں پر واپسی ہو چکی ہے۔ یہ اعلان طویل انتظار کے بعد خاندانوں اور دوستوں کے درمیان دوبارہ ملنے کے نئے مواقع لے کر آیا ہے۔"
وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سابق حکومت کے چند غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے پاکستان کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، جس کا خمیازہ برسوں تک قومی ایئرلائن کو بھگتنا پڑا، خاص طور پر یورپی اور برطانوی فضائی راستوں سے محرومی کی صورت میں۔
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، سول ایوی ایشن ٹیم اور تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں برطانوی حکام نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد طویل پابندیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق، پاکستان کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، جس کے بعد اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت حاصل کر سکتی ہیں۔
برطانوی ایوی ایشن سیفٹی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے فضائی تحفظ کے نظام میں کی گئی بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا۔