اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
اسلام آباد میں بدلتی ہوئی معاشی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں غیر یقینی کیفیت بدستور برقرار ہے، اس لیے تمام ادارے ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت مستحکم ہے، تاہم ممکنہ حالات کے پیش نظر متعلقہ ادارے ایک جامع ہنگامی حکمتِ عملی تیار کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ قومی کفایت شعاری مہم کے دوران عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے محتاط استعمال میں بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ پوری قوم کے شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی بروقت اور مؤثر پالیسیوں کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا نظام بلا تعطل جاری رہا، جبکہ عام شہریوں، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کا بھی تحفظ یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو عوام کے لیے بڑی حد تک کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں کشیدگی طویل عرصے تک برقرار رہی تو اس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، لہٰذا قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور کفایت شعاری کے رویے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، جو قومی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، جبکہ آئندہ بھی ایندھن کی مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔