جیل میں زندگی گذارنے کی خواہش میں نوجوان نے دوافراد کو قتل کردیا

جیل میں زندگی گذارنے کی خواہش میں نوجوان نے دوافراد کو قتل کردیا
سورس: file photo

ویانا ،  آسٹریا میں  زندگی سے ناخوش نوجوان نے جیل میں زندگی گذارنے کے لئے دوافراد کو قتل کردیا ۔ 

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریا سے تعلق رکھنے والا نوجوان اپنی زندگی سے مایوس اور اس سے خوش نہیں تھا، جس کی وجہ سے اُس نے بقیہ زندگی جیل میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔

پولیس حکام کے مطابق 29 سالہ شخص نے جیل جانے کے لیے دو ہفتوں تک ایک پلان تشکیل دیا اور پھر ایک 70 سالہ بزرگ پر چاقو کے وار سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔

ایک شخص کو قتل کرنے کے بعد جب نوجوان پولیس کی گرفت میں نہ آسکا تو اُس نے ایک اور واردات کی، جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو ٹائرول کے علاقے سے  پیر کے روز گرفتار کیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہوئی، جس نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ زندگی سے ناخوش تھا، اس لیے بقیہ ایام جیل میں گزارنے کا خواہش مند ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان نے پیر کے روز 77 سالہ بوڑھے شخص کو دریا کے قریب چاقو کے وار سے قتل کیا۔ ملزم نے پولیس سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بقیہ عمر قید کی سزا میں گزارنا چاہتا ہے۔