پنجاب ،مالی سال 2025-26 : 5300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیاجائے گا

09:32 AM, 16 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ آج پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا حجم 5300 ارب روپے سے زائد ہو گا۔ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت دوپہر 2 بجے ہو گا، جس میں وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ پیش کریں گے۔

بجٹ میں نان ترقیاتی اخراجات کے لیے 4 ہزار 60 ارب روپے کی تجویز ہے، جبکہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 1240 ارب روپے مختص کرنے کا منصوبہ ہے۔ پنجاب حکومت نے 3 ہزار 132 نئی ترقیاتی سکیموں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے، جس میں جاری سکیموں کے لیے 535 ارب 98 کروڑ روپے اور نئی سکیموں کے لیے 470 ارب 62 کروڑ روپے کی رقم رکھی جائے گی۔

پنجاب ایئر لائن کے قیام کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خود مختار پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی توقع کی جا رہی ہے۔ حکومت نے الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جا سکیں۔

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اس بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، بلکہ موجودہ ٹیکسز کی وصولیوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ یہ صرف بجٹ نہیں بلکہ ایک مشن پیش کیا جائے گا جو پنجاب کی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

مزیدخبریں