اسرائیل کا ایران کے شہر مشہد پر حملہ، پاسداران انقلاب کے اعلیٰ افسران شہید

10:12 AM, 16 Jun, 2025

مشہد : اسرائیل نے ایران کے شہر مشہد پر حملہ کیا، جس میں ایرانی ری فیولنگ ہوائی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تازہ حملے کے دوران مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے قریب دھویں کے بادل دکھائی دیے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے میں ایران کی جوہری تنصیبات، ایندھن کے ذخائر اور تہران میں دفاعی ہیڈکوارٹرز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے درجنوں جنگی طیاروں نے ایران میں 80 اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں اہم فوجی اور دفاعی مقامات شامل تھے۔ اسرائیل کے حملے میں پاسداران انقلاب کے اہم افسران، جن میں انٹیلی جنس چیف جنرل محمد کاظمی، ان کے نائب جنرل حسن محقق اور جنرل محسن باقری شامل ہیں، شہید ہوگئے۔ یہ حملہ ایران کے لیے بڑا نقصان ثابت ہوا، اور اس کے نتیجے میں ایران نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔

ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاروں کو مقبوضہ علاقے فوراً خالی کر دینا چاہیے اور ایران دشمن کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھائے گا تاکہ قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاسداران انقلاب نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور اسرائیل کے خلاف مزید مؤثر جوابی کارروائیاں کرنے کا عزم ظاہر کیا، جن کا مقصد اسرائیل کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں تل ابیب، یروشلم، حیفہ، ایلات اور بیت یام میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جہاں درجنوں عمارتیں ملبے میں دب گئیں۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 224 افراد شہید ہوئے، جن میں 90 فیصد عام شہری ہیں۔ ان میں 14 ایٹمی سائنسدان اور 20 فوجی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ تہران میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر سمیت 40 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور ایران کے پاس موجود خطرناک ہتھیاروں کا مقصد اسرائیل کو شدید نقصان پہنچانا ہے۔ اسرائیل نے ایران پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای ان کے اگلے نشانے پر ہیں۔

پاسداران انقلاب نے شہید رہنماؤں کی تدفین کی تقریب منسوخ کر دی تھی، جو منگل کے روز متوقع تھی۔ اس تازہ کشیدگی میں دونوں طرف سے مزید حملوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں ایک نیا بحران جنم لے سکتا ہے۔

مزیدخبریں