پنجاب کابینہ میں 5335 ارب روپے کا بجٹ منظور، تنخواہوں میں 10، پنشن میں 5 فیصد اضافہ

01:18 PM, 16 Jun, 2025

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے لیے 5335 ارب روپے کے حجم کا بجٹ منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق  اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ ترقیاتی بجٹ میں 47.2 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 1,240 ارب روپے مختص کیے گئے۔

تعلیم کے بجٹ میں 21.2 فیصد اضافہ کر کے 811.8 ارب روپے اور صحت کے بجٹ میں 17 فیصد اضافہ کر کے 630.5 ارب روپے رکھے گئے۔ زراعت کے لیے بھی 10.7 فیصد اضافے کے ساتھ 129.5 ارب روپے مختص کیے گئے۔

غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کے لیے 171.7 ارب روپے، جاری اخراجات 2,026.7 ارب روپے، اور بلدیاتی حکومتوں کو 934.2 ارب روپے کی منتقلی کی منظوری دی گئی۔ ایف بی آر کا ٹیکس وصولی ہدف 14,131 ارب روپے مقرر کیا گیا جس میں پنجاب کا حصہ 4,062.2 ارب روپے ہوگا۔

پنجاب حکومت نے ریونیو ہدف 828.1 ارب روپے، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 524.7 ارب اور نان ٹیکس آمدن 303.4 ارب روپے مقرر کیے ہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا محصولاتی ہدف 13 فیصد بڑھا کر 340 ارب روپے اور اربن امویبل پراپرٹی ٹیکس کا ہدف 32.5 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں تخمینی بجٹ سرپلس 740 ارب روپے اور ہدف شدہ سبسڈی 72.3 ارب روپے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں