بجٹ اجلاس  پر اپوزیشن کا شدید احتجاج، "نامنظور" کے نعرے

03:37 PM, 16 Jun, 2025

لاہور: پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کا آغاز ہنگامہ خیز مناظر کے ساتھ ہوا، جہاں اپوزیشن اراکین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی موجودگی میں شدید نعرے بازی اور شور شرابا کیا۔

جیسے ہی صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر تقریر کا آغاز کیا، حزب اختلاف کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور "نامنظور" کے نعرے لگاتے رہے۔

احتجاج کے دوران صورتِ حال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب ایک اپوزیشن رکن نے بجٹ کی کاپی وزیر خزانہ   کی طرف اچھالی ۔ اس واقعے پر حکومتی اراکین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا جبکہ سپیکر نے ایوان کو نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔

اپنی تقریر کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو صوبائی نظام مفلوج تھا، لیکن اب ترقی کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر جاری ہے، الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

سپیکر نے ایوان کی کارروائی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلایا، جبکہ اپوزیشن نے بجٹ کو "عوام دشمن" قرار دے کر مسترد کر دیا۔

مزیدخبریں