اسلام آباد / تہران: ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک تین مختلف گروپوں میں 670 پاکستانی محفوظ طریقے سے واپس پہنچ چکے ہیں
سرکاری ذرائع کے مطابق، پہلے گروپ میں 450 زائرین کو وطن واپس لایا گیا، جو ایران میں زیارات کے لیے موجود تھے اور خطے میں جاری کشیدگی کی وجہ سے وہاں پھنس گئے تھے۔ ان کی واپسی پاکستانی سفارت خانے اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوئی۔
دوسرے گروپ میں 70 پاکستانی مزدور شامل تھے، جب کہ تیسرے گروپ میں 150 طلبا کو واپس لایا گیا جو مختلف ایرانی جامعات اور دینی اداروں میں زیر تعلیم تھے۔
پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں اب بھی 30 سے 40 ہزار پاکستانی موجود ہیں، جن میں ساڑھے 4 ہزار زائرین شامل ہیں۔155 مزید طلبا تافتان روانہ کئے جارہے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، موجودہ حالات کے پیش نظر ایران کے لیے سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں اور پاکستانی شہریوں کو عارضی طور پر ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، صورتحال معمول پر آتے ہی ایران سے سفری سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔