پاکستان مزید عالمی بانڈز جاری کرنے کا خواہاں ہے، معاشی اہداف میں بہتری کی امید: محمد اورنگزیب

12:42 PM, 16 Jun, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ مالی سالوں میں مزید عالمی بانڈز کے اجرا کا خواہاں ہے، جبکہ ایران تنازع کے خاتمے کے بعد ملکی معاشی اہداف میں بہتری کی توقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور سپلائی چینز بھی متاثر ہوئیں، جن کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایران تنازع کے باعث مہنگائی دوبارہ ڈبل فیگر میں پہنچ گئی تھی، تاہم صورتحال میں بہتری آنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق آئندہ بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد جبکہ مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پروگرام کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ ٹیکس آمدن پر انحصار کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔

مزیدخبریں