بیٹا ورژن کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالز متعارف

06:50 PM, 16 Jun, 2026

کیلیفورنیا: واٹس ایپ کی ویب سروس میں اہم اپ ڈیٹ متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت صارفین کو نیا فیچر دستیاب ہونے جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کے ویب ورژن میں اگرچہ پہلے ہی متعدد موبائل فیچرز موجود ہیں، تاہم اب تک اس میں گروپ وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت شامل نہیں تھی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق ویب ورژن میں اس وقت ون آن ون چیٹس کے لیے وائس اور ویڈیو کالز دستیاب ہیں، تاہم کمپنی نے اب بیٹا ورژن میں گروپ چیٹس کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالنگ فیچر شامل کر دیا ہے۔

اس نئے فیچر کے تحت صارفین ایک ہی گروپ کال میں 32 افراد تک شامل ہو سکیں گے، جبکہ اس دوران اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ گروپ کالز کے دوران اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی دی جائے گی تاکہ صارفین اپنی اسکرین دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں۔

جب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف ہوگا تو گروپ چیٹ ونڈو میں ایک کال بٹن ظاہر ہوگا جس کے ذریعے آسانی سے وائس یا ویڈیو کال کی جا سکے گی۔

رپورٹ کے مطابق گروپ کالز کے لیے کال لنکس بھی استعمال کیے جا سکیں گے جن کے ذریعے دیگر افراد کو کال میں شامل ہونے کی دعوت دی جا سکے گی۔ ہر کال لنک منفرد اور محفوظ ہوگا اور اس کی نقل تیار نہیں کی جا سکے گی۔

مزید یہ کہ اگر کسی کال لنک کو استعمال نہ کیا جائے تو وہ 30 دن بعد خودکار طور پر ختم ہو جائے گا۔

فی الحال یہ فیچر محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے جلد تمام صارفین کے لیے رول آؤٹ کر دیا جائے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں