اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے معاشی استحکام، عوامی ریلیف اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حکومت کی پیشگی حکمتِ عملی اور بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام کو تیل کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔
پیٹرولیم کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنائیں اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تیل کی قیمتوں اور دستیابی کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔اب شہری 'پاک ایپ' کے ذریعے تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں فروخت کی شکایت براہِ راست حکام کو کر سکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم نے سرکاری سطح پر جاری بچت مہم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کفایت شعاری کے اقدامات نافذ العمل ہو چکے ہیں۔ ان اقدامات کی شفافیت اور مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا حکم بھی دے دیا ہے تاکہ عوامی پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے وزیراعظم کے گزشتہ جمعہ کے اس فیصلے کو سراہا جس میں عالمی دباؤ کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔
عالمی بحران کے اثرات سے بچاؤ: وزیراعظم کا ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے اور عوامی ریلیف برقرار رکھنے کا عزم
04:48 PM, 16 Mar, 2026